ممبئی،5؍دسمبر(ایس او نیوز؍یو این آئی) مہاراشٹر کے کابینی وزیر برائے اقلیتی بہبود نواب ملک نے مہاراشٹر میں گریجویٹ وٹیچر حلقہ کی 6 نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں بی جے پی کی بری طرح سے شکست کو بی جے پی کی الٹی گنتی قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انتخاب میں مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوراوں کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم یافتہ رائے دہندگان نے اگھاڑی حکومت کے قیام اور اس کے ایک سال کے کام کاج سے مطمئن ہیں۔ اس انتخاب میں تعلیم یافتہ ووٹروں نے اپنی رائے دہی کا استعمال کیا اور مہاوکاس اگھاڑی امیدواروں کو کامیاب بنایا۔ اس کامیابی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں کا تعلیم یافتہ طبقہ حکومت سے مطمئن ہے۔
نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی عوام کی پارٹی نہیں ہے بلکہ یہ صنعتکاروں ودھنا سیٹھوں کے مفاد کی نگہبانی کرنے والی پارٹی ہے، جسے عوام اب پوری طرح مسترد کررہی ہے۔ انہوں مزید نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں شامل ہونے والے لیڈران کو یہ اطمینان دلاتے رہے ہیں کہ ریاست میں ان کی حکومت قائم ہوگی، مگر اس انتخاب میں اپنی ہزیمت کے بعد اب ان کے حوصلے پست ہوگئے ہیں جس کا اثر ان کے تنظیمی سطح پر بھی ظاہر ہوگا۔